6 مئی 2015 - 12:44
ایران اور ہندوستان: تعلقات میں روز بروز اضافہ یقینی

اسلامی جمہوریہ کے صدر نے کہا ہے کہ ایران اور ہندوستان ایک دوسرے کی معاشی ضروریات کی تکمیل کر سکتے ہیں-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران اور ہندوستان ایک دوسرے کی معاشی ضروریات کی تکمیل کر سکتے ہیں، چابہار میں مشترکہ سرگرمیوں کے آغاز کو دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں نئے باب کا آغاز قرار دیا۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کو ہندوستان کے ٹرانسپورٹ کے مرکزی وزیر نتن گڈکری کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ ایران اور ہندوستان کے درمیان دیرینہ اور تاریخی تعلقات کے ماضی کے پیش نظر، کہ جو دونوں قوموں کا عظیم سرمایہ ہے، مجھے اس میں کوئی شک و شبہ نہیں ہے کہ ہمارے تعلقات میں روز بروز اضافہ ہو گا۔ صدر مملکت نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ہمارا ملک ٹرانزٹ کے شعبے میں، مشرق کو مغرب سے اور جنوب کو شمال سے ملانے میں اہم پوزیشن کا حامل ہے، کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ٹرانزٹ کے شعبے میں اور ہندوستان کی ریلوے لائنوں کو مرکزی ایشیا، قفقاز اور مشرقی یورپ سے ملانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ہندوستان کے مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے بھی اپنے ملک کے وزیر اعظم کا خط صدر مملکت حسن روحانی کو پیش کیا اور دونوں ملکوں کے ثقافتی اور تاریخی تعلقات کو موجودہ تعلقات کے سنگ بنیاد کے طور پر ذکر کیا اور چابہار بندرگاہ کی توسیع میں شراکت کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کیا۔

.......

/169